لاہور : جما عت اسلامی کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ فواد چوہدری سراج الحق پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، آپ مشرف، ق لیگ، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم کی ترجمانی کرتے رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں فواد چوہدری کے بیان پر اپنے رد عمل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے 20ایم پی ایز سینیٹ الیکشن میں بک گئے تھے۔
سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی نے سراج الحق کو ووٹ دیئے جبکہ جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کو اس سے تین گنا ووٹ دیئے۔
فرید احمد پراچہ کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری اس سے پہلے پرویز مشرف، ق لیگ، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم کی ترجمانی کرتے رہے ہیں، ہر چڑھتے سورج کو سلام کرنے والے کو دوسروں پر کیچڑا چھالنا زیب نہیں دیتا۔
فرید پراچہ کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ساتھ نہ دیتی تو پی ٹی آئی کی کے پی حکومت دو ماہ بھی قائم نہ رہ پاتی، فواد چوہدری ہمارا شکریہ ادا کریں کہ کے پی حکومت 5سال پورے کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں : ہمارے ووٹوں سے سینیٹر بننے والے سراج الحق الزام لگانے سے پہلے سینیٹر شپ چھوڑیں، فواد چوہدری
یاد رہے کہ گزشتہ روز لندن سے واپسی پر پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اگر ہم نے آرڈر لے کر ووٹ ڈالے ہیں تو امیر جماعت اسلامی سراج الحق سیٹ چھوڑ دیں کیوں کہ وہ بھی پی ٹی آئی کے ووٹوں سے سینیٹر بنے تھے۔