لاہور: اے آر وائی کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے انسانی جانوں سے کھیلنے اور جان بچانے والی جعلی ادویات فروخت کرنے والے افراد کا پردہ فاش کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کی ٹیم کو اطلاع ملی کہ لاہور کے علاقے صدر میں ایک میڈیکل اسٹور پر جان بچانے والی جعلی ادویات اور انجیکشن فروخت کیے جارہے ہیں۔
اقرار الحسن اور اُن کی ٹیم نے شاندار اسٹنگ آپریشن مکمل کرنے کے بعد جعلی ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل اسٹور کے مالک کو قانونی شکنجے میں لانے کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) کے ہمراہ چھاپہ مارا۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری سرفراز کی سربراہی میں کارروائی کی اور میڈیکل اسٹور سے جعلی ادویات و انجیکشن برآمد ہونے کے بعد دکان کو فوری طور پر سیل کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرادیا۔ سرعام کے اینکر اور صحافی اقرار الحسن نے کارروائی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان جان بچانے والی جعلی ادویات مختلف اسپتالوں میں فراہم کررہے تھے جو انتہائی افسوسناک اور خطرناک بات ہے۔
ویڈیو دیکھیں
واضح رہے کہ اے آر وائی کے پروگرام سرعام کی ٹیم معاشرےمیں ہونے والی جعل سازیوں اور جرائم کو بے نقاب کرتی ہے اس دوران انہیں کئی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، گذشتہ برس سندھ اسمبلی کی صورتحال کے حوالے سے کیے جانے والے اسٹنگ آپریشن کے نتیجے میں اقرار الحسن کو گرفتار بھی کیا گیا۔
علاوہ ازیں سرعام کے میزبان اور ٹیم نے ایسے ایسے کارنامے سرانجام دیے جنہیں دیکھنے والے بے حد پسند کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں سرعام کے جانبازوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔