اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کسی بھی قسم کے شناختی کارڈ بنوانے کی فیس میں 100 گنا اضافہ کردیا جس کا اطلاق 25 اپریل سے ہوگا۔
نادرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پہلی بار قومی شناختی کارڈ بنوانے والے شہری کو نارمل کی کوئی فیس عائد نہیں جبکہ اس کی ارجنٹ فیس 1150 اور ایگزیکٹو کارڈ بنوانے کے لیے 2150 روپے ادا کرنے ہوں گے، قبل ازیں نارمل کارڈ بالکل مفت، ارجنٹ فیس 300 اور ایگزیکٹو آرڈر کی فیس 1 ہزار روپے تھی۔
شناختی کارڈ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کروانے کی پر نارمل فیس کو 200 سے بڑھا کر 400، ارجنٹ فیس 300 سے بڑھا کر 1150 اور ایگزیکٹو کے پیسے 1 ہزار روپےسے بڑھا کر 2150 روپے کردیے گئے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اب نیا سمارٹ کارڈ 750 ارجنٹ 1500 جبکہ ایگزیکٹو 2500 روپے میں جاری ہوگا جبکہ سمندر پار پاکستانیوں (اوورسیز پاکستانیوں) کے لیے نئے شناختی کارڈ کی نارمل فیس 4250 ارجنٹ فیس 6350 جبکہ ایگزیکٹو فیس کی 8450 ہوگی۔
علاوہ ازیں اورسیز پاکستانیوں کے لیے نئے سمارٹ کارڈ کی نارمل فیس 4600 ارجنٹ 6700 جبکہ ایگزیکٹو کی فیس 8800 ہوگی۔