کراچی : حکومت کی جانب سے 12لاکھ روپے تک سالانہ آمدنی رکھنے والوں کو ٹیکس چھوٹ کا اعلان واپس لے لیا گیا، اب چار سے8لاکھ تک سالانہ آمدنی پرایک ہزار روپے ٹیکس عائد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی خود اپنے ہی اعلان پر عمل درآمد نہیں کراسکے، یو ٹرن لیتے ہوئے عائد کیا جانے والا نیا ٹیکس ریٹ حکومت نے 22دن میں ہی واپس لے لیا۔
بجٹ دستاویز کے مطابق 12لاکھ سالانہ آمدنی کو دی جانے والی ٹیکس چھوٹ کا اعلان واپس لے لیا گیا ہے، اب چار سے8لاکھ تک سالانہ آمدنی پرایک ہزار روپے اور8سے12لاکھ روپے تک سالانہ آمدنی پر2ہزار روپے ٹیکس عائد ہوگا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے ٹیکس نیٹ میں رجسٹریشن افراد کی تعداد صرف 12لاکھ ہے، ٹیکس کی چھوٹ سے 44فیصد ٹیکس دہندگان ٹیکس نیٹ سے نکل جاتے، جس وجہ سے کم ٹیکس لگا کر 5لاکھ21ہزار افراد کو ٹیکس نیٹ سے نکلنے سے روکا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بجٹ سے صرف24گھنٹے قبل ایف بی آر کی تجویز شامل کی گئی اور ایف بی آر نے مزاحمت کرکے وزیراعظم سے اپنی بات منوائی۔
مزید پڑھیں : سالانہ بارہ لاکھ روپے آمدنی والے افراد انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار
یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت کی جانب سے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے بارہ لاکھ روپے سالانہ کمانے والوں کو انکم ٹیکس سے استثنیٰ دینے کا اعلان کیا گیا تھا جو محض روائتی اعلان ہی ثابت ہوا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔