اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کردیا۔ ملکی تاریخ میں دوسری حکومت مدت پوری کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درپیش چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا۔ 5 سال میں چیلنجز کے باوجود ترقی کی جانب بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بنیادی ڈھانچے کا فقدان تھا۔ ہم نے ملک میں گیس کی قلت کاخاتمہ کیا۔ بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کردیا۔ اقتصادی راہداری کی تعمیر علاقائی روابط کا وژن ہے۔ ’ملک میں 17 سو کلو میٹر طویل موٹر ویز بنا رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی زونز کے قیام کے لیے بھی سرمایہ کاری کی گئی۔ اقتصادی زونز سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ ملکی تاریخ میں دوسری حکومت مدت پوری کر رہی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملکی ترقیاتی پالیسیوں پر اتفاق رائے سے عمل پیرا ہیں۔ شرح نمو کو 9 فیصد تک لے جانا انتہائی ضروری ہے۔ ’پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے پہلی ترجیح بن رہا ہے‘۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔