بدھ, فروری 12, 2025
اشتہار

کراچی، پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان میں تصادم، تین گاڑیاں نذرآتش، پتھراؤ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: گلشن اقبال  حکیم سعید گراؤنڈ میں پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان کے درمیان خونریز  تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے،  مشتعل افراد نے موٹر سائیکل اور دو گاڑیوں کو نذر آتش کردیا، پولیس دونوں گروپوں کو قابو کرنے میں ناکام ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق  کراچی کے علاقے  گلشن اقبال میں حکیم سعید گراؤنڈ میں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے  درمیان 12 مئی کو جلسے کرنے کے حوالے سے اختلافات شدت اختیار کرگئے۔

دونوں جماعتوں کے کارکنان آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں دونوں جماعتوں کے متعدد کارکنان زخمی ہوگئے،  مشتعل کارکنوں نے گراﺅنڈ میں لگے  تحریک انصاف کے کیمپ کو اکھاڑ دیا۔ 

مشتعل افراد نے ٹائر جلائے، اور جائے وقوعہ پر کھڑی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور گھتم گتھا ہوگئے، دونوں جماعتوں کے کارکنان نے مخالف پارٹی کے پوسٹرز اور بینرز بھی پھاڑ دیئے، جبکہ فائرنگ کی آوازیں بھی سنی جارہی ہیں۔

بعد ازاں پولیس نے حالات کنٹرول کرنے اور مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی تاہم کارکنان نے گراؤنڈ کے باہر کھڑی موٹر سائیکلیں گرا دیں جس کے بعد گراؤنڈ کے اطراف حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت جائے وقوعہ پر موجود ہیں، تاہم انہوں نے افسران سے ملنے والے حکم سے پہلے کسی اقدام سے گریز کیا اور حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے اطراف میں بھی ٹریفک جام ہوگیا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مشتعل کارکنان نے موٹرسائیکل اور دو گاڑیوں کو آگ لگادی، یونیورسٹی روڈ پر صورتحال گزشتہ ایک گھنٹے سے کشیدہ ہے، دکانیں بند کرادی گئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے وزیرداخلہ سہیل انورسیال کو فون کرکے صورتحال کنٹرول کرنے کی ہدایت کی ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں