راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ بہتری کے لیے بھرپور تعاون کررہے ہیں، تعلیم، صحت، پانی، بجلی اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک افغان بارڈر پر بلوچستان میں باڑ لگانے کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، آرمی چیف نے کہا کہ سیکیورٹی صورتحال کو تقویت دینے میں قبائلیوں کا تعاون قابل قدر ہے، باڑ سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو روکا جاسکے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا اور نسٹ کوئٹہ کے کیمپس کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریں گے، بعض عناصر نوجوانوں کو گمراہ کررہے ہیں، قوم نے مسلح افواج کے ساتھ امن کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو قانون کی پاسداری یقینی بناتے ہوئے حدود میں رہنا چاہئے، آئین و قانون پر عمل ہر ایک کی ذمہ داری ہے، پاکستان نے دہشت گردی کو مسترد کرکے امن حاصل کیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ کراسنگ پوائنٹس سے آمدورفت و اقتصای سرگرمیاں ممکن ہوں گی، کوشش ہے بلوچستان کوٹے اور خصوصی انتظامات پر انحصار نہ کرے، بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی دیگر شہریوں کے مساوی لائیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے خوشحال بلوچستان کے لیے مل کر کام کرنے پر پاک فوج اور ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔