اسلام آباد: قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) سے روم منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی صحت تسلی بخش ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال گذشتہ روز نارروال میں ایک قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے تھے، ملزم نے ان کے جسم کے مختلف حصوں پر فائرنگ کی تھی بعد ازاں احسن اقبال کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے نارروال ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
لاہور کے سروسز اسپتال میں زیرعلاج وزیر داخلہ احسن اقبال کو آئی سی یو سے کمرے میں منتقل کر دیا گیا البتہ ڈاکٹروں نے وی وی آئی پی روم نمبر ون کو ہی آئی سی یو کا درجہ دے دیا ہے۔
احسن اقبال حملہ ، 24 گھنٹوں میں تحقیقاتی کمیٹی کے 3 سربراہ تبدیل
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ احسن اقبال کی حالت تسلی بخش ہے، تاہم انفیکشن سے بچانے کے لیے ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے، پانچ رکنی میڈیکل بورڈ احسن اقبال کے معالجے کی مانیٹرنگ کررہا ہے، میڈیکل بورڈ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کو تین سے چار روز میں اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔
یاد رہے گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال اپنے ہی حلقے نارروال میں کرسچن کمیونٹی کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرکے نکلے تو مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کردی تھی ، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔
احسن اقبال پر حملہ کرنے والا ملزم 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
خیال رہے کہ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے تیس بور کا پستول برآمد کرلیا تھا اورابتدائی بیان میں ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ احسن اقبال نے ختم نبوت کے حوالے سے جو بیانات دئیے تھے اس پر رنج تھا اس وجہ سے احسن اقبال پر حملے کے لیے موقع کی تلاش میں تھا ،آج جب احسن اقبال کرسچن کمیونٹی کی تقریب میں آئے تو موقع پا کر حملہ کردیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔