تازہ ترین

کابل: 2 خود کش دھماکے، 5 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دو پولیس اسٹیشنز پر ہونے والے خود کش حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق شدت پسندوں نے پہلے کابل میں موجود پولیس اسٹیشن کو منظم منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا اور خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا بعد ازاں اُس کے ساتھیوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

دوسرا خود کش دھماکا تھوڑی ہی دیر بعد کابل میں واقع ایک اور پولیس اسٹیشن پر پیش آیا، یہاں بھی خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا جس کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔

مزید پڑھیں: کابل میں دودھماکے‘ 29 افراد ہلاک ‘ 45 زخمی

افغان وزارتِ داخلہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں تین حملہ آور مارے گئے جن کی لاشوں کو قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

وزیر داخلہ واعظ احمد برمک کے مطابق دونوں کارروائیوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے قبول کی، کارروائیوں میں مجموعی طور 8 خودکش حملہ آوروں نے حصہ لیا۔

خیال رہے کہ 30 اپریل کو کابل کے علاقے ششدرک میں شدت پسندوں نے افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس اور وزارت شہری ترقی کے دفاتر کو نشانہ بنایا تھا، دوسرا دھماکا اُس وقت ہوا ریسکیو کا کام جاری تھا جس کے نتیجے میں صحافیوں سمیت 29 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -
عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں