لاہور: صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے کہا ہے کہ نیب کو پنجاب کے سوا کوئی اور صوبہ کیوں نظر نہیں آتا ہے، نیب ہوش کے ناخن لے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا مشہود نے کہا کہ پارٹی سے جانے والوں کو روک نہیں سکتے، اُڑتے بٹیروں کو عبرتناک شکست ہوگی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا بیانیہ عوام کا بیانیہ بن چکا ہے، مجھے کیوں نکالا، نواز شریف اپنے لئے نہیں، عوام کے لیے پوچھتے ہیں، 2018 مسلم لیگ ن اور عوام کی فتح کا سال ہوگا۔
رانا مشہود نے کہا کہ پانچ مہینے سے پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آئی، اداروں سے درخواست ہے کہ جھوٹ بولنا چھوڑ دیں، کرپشن کرنے والوں کا کڑا احتساب ہونا چاہئے۔
خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹ بول کر بھی آپ الیکشن نہیں جیت سکتے، عوام آپ کا اصلی چہرہ اور خیبر پختونخوا میں کارکردگی دیکھ چکے ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے کہا کہ پنجاب کے اسکولوں میں 17 مئی سے چھٹیاں ہوں گی، اسکول 10 اگست کو کھلیں گے، کوئی اسکول گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس اکٹھی نہیں لے سکے گا، والدین ماہانہ بنیاد پر فیس ادا کریں گے، اسکول سمر کیمپس لگانا چاہتا ہے تو وہ اس کی فیس نہیں لے سکے گا۔