لیور پول: مصر سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹ بالر محمد صلاح نے انگلش پریمئیر لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ بنا کر گولڈن بوٹ ایوارڈ حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لیور پول کے کھلاڑی محمد صلاح کی شان دار کارکردگی کے باعث لیور پول نے چیمپئنز لیگ کے آئندہ سیزن میں بھی جگہ بنالی ہے۔
مصر کے نام ور فارورڈ نے برائٹن کے خلاف کھیلتے ہوئے ایک ہی سیزن میں بتیس گول کرکے ریکارڈ بنایا، انہوں نے پریمئیرلیگ کا 32 واں اور مجموعی طور پر سیزن میں ٹیم کے لیے چوالیسواں گول بنایا۔
پچیس محمد صلاح نے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ محض چھتیس میچز کھیل کر بنایا ہے، انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے بہت خاص موقع ہے۔
اسٹار فٹ بالر کا کہنا تھا کہ اپنی ٹیم کو میچز جتوانے کا خیال ہمیشہ میرے ذہن میں ہوتا ہے، اب ہم اگلے سال چیمپئنز لیگ میں پہنچ گئے ہیں اور ایوارڈ بھی جیت لیا ہے تو مجھے ریکارڈ توڑنے پر فخر محسوس ہورہا ہے۔
خیال رہے کہ محمد صلاح نے یہ ریکارڈ ٹوٹنھم کے ہیری کین سے چھینا ہے جنھوں نے 2016 اور 2017 میں گولڈن بوٹ اپنے نام کیا، ہیری کین اس بار محض دو گول کے فاصلے پر محمد صلاح سے پیچھے رہ گئے۔
مصری فٹبالر یورپی نوجوانوں کا رول ماڈل بن گیا، ملکی صدر کو بھی چیلینج کردیا
ہیری کین نے مصری اسٹار فٹ بالر کو گولڈن بوٹ جیتنے کے بعد چیلنج کردیا ہے کہ وہ دوسری بار یہ کارنامہ انجام دے کر ’عظیم‘ کھلاڑی کا خطاب حاصل کرکے دکھائے۔
واضح رہے کہ دنیائے فٹ بال میں ابھرتے ہوئے مصری کھلاڑی محمد صلاح نے برطانیہ سمیت یورپ کے نوجوانوں اور فٹ بالرز کو اپنا گرویدہ بنا کر ان کے لیے رول ماڈل کا درجہ حاصل کرلیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔