قاہرہ: عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینیوں کا قتل عام خطرے کی گھنٹی ہے، امریکی انتظامیہ کو اس خطرناک اقدام کے حقیقی نتائج کا کوئی ادراک نہیں ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا کہ امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہم ان تمام ممالک کو خبردار کرتے ہیں جو قانونی اور اخلاقی موقف کو نظر انداز کرتے ہوئے فلسطین کے بارے میں غیر منصفانہ روش پر چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی ایک خطرناک پیش رفت ہے اور اس کے بھیانک نتائج سامنے آسکتے ہیں جس کا امریکا کو علم نہیں ہے۔
احمد ابو الغیط کا کہنا تھا کہ ایسے ممالک جو قانون، عالمی برادری کے متفقہ موقف اور فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کرتے ہیں امریکی سفارتخانے کی القدس منتقلی میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 58 فلسطینی شہید
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر تل ابیب میں امریکی سفارتخانہ گزشتہ روز بیت المقدس منتقل کردیا گیا تھا، سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی پر پوری دنیا میں اماریکا کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف فلسطینیوں کی احتجاجی ریلی پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 58 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔