لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ایڈووکیٹ اظہر صدیقی نے درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے۔
درخواست میں وزارت داخلہ اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کسی بھی وقت فرار ہوسکتے ہیں، عدالت دونوں کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس پاناما کیس میں نواز شریف کو نا اہل کیے جانے کے فوراً بعد بھی شریف خاندان کے افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔
بعد ازاں شریف خاندان کے خلاف دائر کرپشن ریفرنس کے دوران قومی احتساب بیورو (نیب) نے بھی نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی تاہم تمام درخواستوں پر ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں دیا جاسکا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔