کراچی : مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا چاند نظرآگیا ہے، جس کی تصدیق شہادتوں کے بعد کی گئی ہے، پہلا روزہ کل بروز جمعرات کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں ہوا، جس میں کمیٹی اراکین سمیت محکمہ موسمیات کے حکام بھی شریک ہوئے۔
صوبائی اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ دفاتر میں ہوئے، جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے۔
اجلاس کے بعد چیئرمین کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ چاند دیکھنے کے لیے جدید سائنسی ٹیلی اسکوپس سے مدد لی گئی اور ملک کے مختلف علاقوں میں بھی زونل کمیٹیوں نے اجلاس منعقد کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اپر دیر، کوئٹہ، نتھیاگلی، بونیر، ایبٹ آباد میں چاند نظر آگیا ہے اور تمام مصدقہ شہادتوں کی روشنی میں اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے لہٰذا پاکستان میں پہلاروزہ کل بروز جمعرات17مئی کو ہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک، انڈونیشیا، ملائیشیا، آسٹریلیا اور جاپان میں رمضان المبارک ہجری کا چاند گزشتہ روز نظر نہیں آیا تھا لہٰذا دنیا بھر میں پہلا روزہ کل جمعرات ہوگا۔
علاوہ ازیں ماہ رمضان کے چاند کے اعلان کے ساتھ ہی مساجد کی رونقوں میں اضافہ ہوگیا اور ملک بھر میں تراویح کے اجتماعات کی تیاریاں مذہبی جوش و جذبے سے کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں موسم کے گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے اور پہلے ہفتے میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: اس ماہ رمضان المبارک میں کریں منفرد نیکیاں
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان کے پہلے ہفتے میں شمال مغربی ہوائیں چل سکتی ہیں تاہم کراچی میں شام کے اوقات میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔