اسلام آباد : سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کو بطور پارٹی موجودہ صورتحال پر ٹھنڈے دل سے غور کرنا ہوگا، غصہ اور تصادم کسی سیاسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔
یہ بات انہوں نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہی، چوہدری نثار نے کہا کہ پہلے ختم نبوت قانون کا مسئلہ بنا اور اب پارٹی پر ملک دشمنی کےالزامات لگ رہے ہیں۔
ن لیگ کی حکومت میں اٹھنے والے مسائل انتہائی تشویشناک ہیں، اب ہر لیگی کارکن نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو ناقابل تلافی نقصان کا خطرہ ہے۔
چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ سیاست دان کا کام اپنے اصولوں پر قائم رہ کر راستہ نکالنا ہوتا ہے، محاذ آرائی سے صرف پارٹی ہی نہیں بلکہ ملک کو بھی شدید نقصان کا اندیشہ ہے، موجودہ صورتحال میں ٹھنڈے دل سے غور کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں: بھارتی ہٹ دھرمی ممبئی حملہ کیس کی پیش رفت میں رکاوٹ بنی‘ چوہدری نثار
واضح رہے کہ نواز شریف کی جانب سے ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر مختلف حلقوں کی جانب سے مذمت کا اظہار کیا جارہا ہے، سابق وزیراعظم نوازشریف کے پاکستان مخالف بیان اور اس پربھارت کی طرف سے ردعمل پرچوہدری نثارعلی خان نے کہا تھاکہ بھارتی ہٹ دھرمی ممبئی حملہ کیس کی پیشرفت میں رکاوٹ بنی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔