کراچی : محکمہ موسمیات نے روزے داروں کو خبردار کیا ہے کہ کراچی میں آج شدید گرمی کا امکان ہے، درجہ حرارت41 ڈگری تک جا سکتا ہے، گرمی کا سلسلہ آئندہ ہفتے جمعرات تک جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے ساتھ گرمی کی شدت میں اضافہ سے شہریوں کا برا حال ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہونے سے درجہ حرارت بلند رہنے کا امکان ہے، پارہ 41ڈگری کو چھو سکتا ہے، سمندری ہوابند ہونے کے باعث گرمی زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 36ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 35فیصد ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ گرمی کا سلسلہ آئندہ ہفتے جمعرات تک جاری رہے گا، اس طرح رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ شدید گرم ہوگا، شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
یاد رہے گذشتہ روز ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید نے کراچی میں کل سے سمندری ہوائیں بند ہونے کا پیشگوئی کی تھی اور کہا تھا کہ شمال مغربی علاقوں سے گرم اور خشک ہواؤں سے موسم مزید گرم ہوجائیں گا۔
آج پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، لاہور، اسلام آباد، گلگت بلتستان اورکشمیر میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پرتیزہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی اور ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔