سیالکوٹ : بھارتی فوج نےسیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر آباد ی کو نشانے پر رکھ لیا، بلااشتعال فائرنگ سے تین بچے اور خاتون شہید جبکہ دس افرادزخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی، فائرنگ سے 3بچے اور خاتون شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے جان بوجھ کرشہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے، پنجاب رینجرز نے موثر انداز میں بھارتی چیک پوسٹس کو نشانہ بنایا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سےفائرنگ کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس بھارتی فوج کی جانب سے متعدد بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے، بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے مسلسل لائن آف کنٹرول پر شہری آباد کو نشانہ بنا رہا ہے، جس میں اب تک متعدد افراد شہید اور کئی زخمی ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ 11 اپریل بھارتی فوج کی جانب سے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 27 فروری کو کوٹلی، آزادکشمیر اور نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری کی گئی، جس کے نتیجے میں 13سالہ زین شہید ہواجبکہ 23 فروری کو بلا اشتعال فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان شہید ہوگیا تھا۔
اٹھارہ جنوری کو بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور کندن پور، سیالکوٹ اور چپراڑ سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 2 خواتین شہید جبکہ 5 شہری زخمی ہوگئے تھے جبکہ اس واقعے میں 3 خواتین بھی زخمی ہوئی تھیں۔
قبل ازیں 15 جنوری کو بھی بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوٹلی سیکٹر پر مارٹر گولے فائر کیے تھے جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی جوان شہید ہوگئے تھے، جس کے بعد پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 3بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔