کراچی: امریکی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی طالبہ سبیکا شیخ کو نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد عظیم پورہ قبرستان شاہ فیصل کالونی میں سپرد خاک کردیا گیا۔
سبیکا شیخ کی میت آج صبح ٹرکش ایئر لائن کی پرواز ٹی کے 708 کے ذریعے پاکستانی وقت کے مطابق تین بج کر 32 منٹ پر کراچی پہنچائی گئی۔
قومی پرچم میں لپٹی سبیکا شیخ کی میت کو ایئر پورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے سلامی پیش کی گئی جس کے بعد جسد خاکی کو ورثا کے حوالے کیا گیا۔
سبیکا کی میت کو وصول کرنے کے لیے کارگو ٹرمینل پر قائم مقام امریکی قونصل جنرل سمیت پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فیصل واوڈا اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی اور ناصر شاہ بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: گھر لوٹنے کے لیے بیٹی ایک ایک دن گن رہی تھی، والدہ سبیکا
مقتول طالبہ کی نماز جنازہ صبح 9 بجے حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی، عامر خان، حلیم عادل شیخ اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد سبیکا کی میت کو شاہ فیصل کالونی میں واقع عظیم پورہ قبرستان لے جایا گیا جہاں اسے سپرد خاک کردیا گیا۔
خیال رہے کہ 19 مئی کو امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر ہیوسٹن کے سانٹا فے ہائی اسکول میں طالبعلم نے فائرنگ کردی تھی۔ فائرنگ میں 10 طالب علم جاں بحق ہوگئے تھے جن میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ بھی شامل تھی۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی رہائشی سبیکا 21 اگست 2017 کو یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کرنے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو ان کی وطن واپسی تھی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔