اشتہار

فاٹا کوخیبرپختونخوا میں ضم کرنےکا بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : فاٹا کو خیبرپختونخواہ میں ضم کرنے کا بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، بل کو دو تہائی اکثریت سے منظور کرانے کے لیے حکومت نے کوششیں تیز کردیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے معاون خصوصی برائے قانونی امور بیرسٹر ظفر اللہ کا کہنا ہے کہ فاٹا اصلاحات بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس بدھ کو ہوا جس میں اصلاحات سے متعلق آئینی ترمیم کا مسودہ پیش کیا گیا۔

- Advertisement -

اجلاس میں بیرسٹرظفراللہ نے فاٹا اصلاحات کا آئینی مسودہ پیش کیا تاہم حکومتی اتحادیوں جے یو آئی ف اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے اراکین نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔

حکومتی اتحادیوں کے اجلاس سے واک آؤٹ کے بعد دیگر پارلیمانی جماعتوں نے فاٹا کو خیبرپختونخواہ میں ضم کرنے اور فاٹا اصلاحات سے متعلق آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی۔

فاٹا اصلاحات کے آئینی مسودے کے مطابق فاٹا سے قومی اسمبلی کی 12 نشتیں اورسینیٹ کی موجودہ نشستیں اگلے 5 سال تک برقرار رہیں گی جبکہ ایک سال میں صوبائی انتخابات ہوں گے جو الیکشن کمیشن کرائے گا۔

فاٹا میں صوبائی قوانین کا فوری اطلاق ہوگا اور منتخب حکومت قوانین پرعمل درآمد کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔

این ایف سی ایوارڈ کے تحت فاٹا کو 24 ارب روپے کے ساتھ 100ارب روپے اضافی ملیں گے اور 10 سال کے لیے ایک ہزار ارب روپے کا خصوصی فنڈ ملے گا جو کسی اور جگہ استعمال نہیں ہوسکے گا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ کارفاٹا تک بڑھانے اور ایف سی آر کے مکمل خاتمے پراتفاق کیا گیا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں