اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے لیے درخواست کے بعد ہی کمیٹی تشکیل دوں گا تاہم اب تک وزیر اعظم یا اپوزیشن لیڈر نے کمیٹی کے لیے درخواست نہیں دی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا، ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی مدت ختم ہونے کے 3 روز بعد پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل ہوتی ہے، کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے 4، 4 ارکان شامل ہوں گے۔
صحافی کے سوال پر اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے ساتھ ہی اسپیکر چیمبر خالی کردوں گا، بطور اسپیکر ضروری فائل ورک گھر بیٹھ کر بھی کرسکتا ہوں۔
ن لیگ حکومت کی رخصتی قریب، نگراں وزیراعظم کا نام فائنل نہ ہوسکا
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن کس حلقے سے لڑوں گا اس کا فیصلہ پارٹی کے ہاتھ میں ہے، پارٹی جو فیصلہ کرے گی وہ مجھے منظور ہوگا، نگراں وزیر اعظم کون ہوگا اس کا فیصلہ بھی جلد کر لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر ن لیگ اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔ چوہدری نثار نے اپنے تازہ بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی حل کرے گی۔
خیال رہے کہ ن لیگی حکومت کا آخری عشرہ ہے لیکن نگراں وزیراعظم کا انتخاب نہ ہوسکا ہے، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی چھ طویل ملاقاتوں کے بعد بھی نگران سیٹ اپ کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار ہے، دونوں نے ایک دوسرے کے تجویز کردہ نام مسترد کردیے ہیں جبکہ تحریک انصاف بھی پیپلزپارٹی کے ناموں کو مسترد کرچکی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔