دنیا بھر کی معروف شخصیات اس وقت مختلف تنظیموں کے ساتھ مل کر ماحول کو بچانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ معروف بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے بھی تحفظ ماحول کی مہم میں شامل ہو کر ماحول دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔
سونم کپور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ کپڑے کا ایک تھیلا تھامے ہوئے نظر آرہی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ پلاسٹک ہمارے دریاؤں، جنگلی حیات اور کرہ ارض کو تباہ کر رہا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ میں عہد کرتی ہوں کہ آئندہ کبھی بھی پلاسٹک استعمال نہیں کروں گی۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل اقوم متحدہ نے بالی ووڈ اداکارہ اور پروڈیوسر دیا مرزا کو بھارت میں خیر سگالی سفیر برائے ماحولیات مقرر کیا تھا۔
دیا مرزا اپنے ساتھ دیگر فنکاروں کو بھی تحفظ ماحول کے لیے کام کرنے کی دعوت دے رہی ہیں جس سے متاثر ہو کر کئی فنکاروں نے ماحول دوست اقدامات شروع کردیے ہیں۔
چند روز قبل عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر ہونے والی تقاریب میں بھی کئی فنکاروں نے شرکت کی اور ماحول دوست بننے خصوصاً پلاسٹک کا استعمال ختم کرنے کا عزم کیا۔
یاد رہے کہ رواں برس اقوام متحدہ کی جانب سے پلاسٹک کی آلودگی کے خاتمے پر کام کیا جارہا ہے جو ہماری زمین کو بری طرح سے آلودہ کر رہی ہے۔
پلاسٹک کی تباہ کاری کے بارے میں مزید مضامین پڑھیں
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔