اسلام آباد : صدرممنون حسین اور نگراں وزیر اعظم ناصر الملک نے عید الفطر کے موقع پرقوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے عزیزواقارب اور ہماسیوں کے علاوہ ضروت مند افراد کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے۔
تفصیلات کےمطابق صدرِپاکستان نےعیدالفطرکےموقع پراپنے پیغام میں کہا کہ عید کے اس مسرت بھرے موقع پر میں عالم اسلام کو اوراہل پاکستان کو بالخصوص دل کی گہرائی سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
صدرممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام کی تعلیمات پرحقیقی معنوں میں عملدآمد سے ہی معاشرے میں درپیش نا انصافیوں میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مذہبی اور روحانی تجربات سے معاشرے کے کمزور طبقات کی مشکلات کا احساس پیدا ہوتا ہے۔
دوسری جانب نگراں وزیراعظم ناصرالملک نےعید الفطر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ عیدالفطررمضان المبارک کی تکمیل کی علامت ہے جس سے خلوص، نظم وضبط، رواداری، رحمدلی اور قربانی جیسی خصوصیات کو مزید فروغ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو آج کے دن اپنے اُن بیٹوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کیا۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، بری فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پرتمام پاکستانیوں کو مبارکباد دی ہے۔
ملک بھرمیں آج عید الفطرمذہبی جوش وجذبےسےمنائی جارہی ہے
واضح رہے کہ ملک بھر میں عیدالفطرمذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اس موقع پر ملکی سلامتی اور استحکام کےلیے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں