لندن: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ والدہ کی طبیعت سے متعلق ڈاکٹر نے ابھی کچھ نہیں بتایا، ڈاکٹر کہہ رہے ہیں والدہ کی صحت سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مریم نواز نے کہا کہ والدہ کے لیے دعا کرنے والوں کے شکر گزار ہیں، دعا ہے اللہ میری والدہ کو جلد صحت یاب کرے، عوام والدہ کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھیں۔
مریم نواز کے مطابق والدہ سے بات نہیں ہوسکی ہے، جب ہم آئے تو وہ آئی سی یو میں تھیں، خواہش تھی والدہ کی آواز سنوں لیکن افسوس نہیں سن سکی، جب سے ہم لندن آئے ہیں وہ وینٹی لیٹر پر ہیں، ڈاکٹرز کہتے ہیں کچھ پتہ نہیں والدہ کب ہوش میں آئیں گی۔
شہباز شریف، بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن پہنچ گئے
علاوہ ازیں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن پہنچ گئے ہیں، شہباز شریف کی اہلیہ اور صاحبزادہ پہلے ہی لندن میں موجود ہے، وہ ایئرپورٹ سے ہارلے اسٹریٹ کلینک جائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ بیگم کلثوم کو شفا عطا کرے، میرے دورے کا مقصد صرف تیمارداری ہے، عید ایسا تہوار ہے جو محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔
مزید پڑھیں: لندن: بیگم کلثوم نواز کے کمرے میں مشتبہ شخص کے داخلے کی کوشش ناکام
واضح رہے کہ برطانیہ میں زیرعلاج سابق وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کے کمرے میں مشتبہ شخص ڈاکٹر نوید فاروق نے داخل ہونے کی کوشش کی جسے انتظامیہ نے ناکام بناتے ہوئے مذکورہ نوجوان کو پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے مشتبہ شخص سے تفتیش شروع کی تو اُس نے مؤقف اختیار کیا کہ ’میں کلثوم نواز کی عیادت کے لیے آیا تھا، بغیر اجازت کمرے میں داخل ہونے کوشش غلطی تھی‘۔
اسپتال انتظامیہ نے بیگم کلثوم نواز کے کمرے کے باہر کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے اور اب کمرے میں اہل خانہ کے علاوہ کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔