سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فورسز نے مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ظلم و بربریت کا سلسلہ نہ رک سکا، باندی پورہ میں بھارتی فورسز نے مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا ہے۔
کشمیری میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا جبکہ باندی پورہ اور قریبی علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند ہے۔
عیدالفطر کے پہلے روز بھی بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے دو کشمیریوں کو شہید کردیا تھا، دونوں نوجوانوں کو سرچ آپریشن کے بہانے گھر سے لے جایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ وادی میں عیدالفطر کی نماز کے بعد بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے جس میں مظاہرین نے پاکستان کے حق میں نعرے لگائے اور پاکستانی جھنڈے لہرائے۔
بھارتی فورسز نے مظاہرین کو روکنے کے لیے آنسو گیس کے شیل برسائے اور پیلٹ گن کا استعمال کیا، مظاہرین سے جھڑپوں کے دوران بھارتی فوج نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں دو نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ رمضان المبارک میں بھی کشمیر میں بھارتی فورسز کی جارحیت جاری تھی، کپواڑہ میں چھ کشمیریوں کو شہید کردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: بھارتی آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں ناکامی کا اعتراف کرلیا
یاد رہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ جتنے نوجوان مارتے ہیں ان سے زیادہ تحریک آزادی میں شامل ہوجاتے ہیں، اب امن کو بھی ایک موقع دینا چاہئے۔
دوسری طرف حریت رہنما مشال ملک نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی آرمی چیف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہماری تحریک کی قوت کا اعتراف ہے۔
خاتون کشمیری حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف نے تحریک آزادی میں شدت کا اعتراف کیا ہے، انھوں نے تسلیم کیا کہ قتل عام سے تحریک زور پکڑ رہی ہے۔