کراچی: پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بے اصولوں اور لوٹوں کی دوڑ سہارے والوں کی طرف ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ نئے اور پرانے لاڈلوں کی صفوں میں انتشار پیدا ہو چکا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پی پی مخالف قوتیں الیکشن سے پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور موقع پرست تتر بتر ہونا شروع ہو گئے ہیں، ن لیگ کے اندر انتشار عروج پر ہے۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ یہ پہلا انتخاب ہے جسے مسلم لیگ ن کسی سہارے کے بغیر لڑ رہی ہے، جن کو سہارا میسر ہے لوٹے اسی طرف دوڑ رہے ہیں۔
مولا بخش نے نا اہل وزیر اعظم نواز شریف کے بیان کو شکست کا اعتراف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ انتخابات سے قبل اپنی شکست تسلیم کر چکی ہے۔
انتخابات کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کی تیاریوں کے سلسلے میں ان کا کہنا تھا کہ پی پی نے الیکشن کا پہلا مرحلہ بردباری کے ساتھ طے کر لیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ سندھ میں ٹکٹ کی تقسیم کاعمل خوش اسلوبی سے طے ہوگیا ہے، پیپلز پارٹی آصف زرداری اور بلاول کی قیادت میں الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہے۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ مخالفین کے پاس الزامات اور گالم گلوچ کے علاوہ کچھ نہیں جب کہ پی پی کے پاس قربانیوں سے بھرا ماضی اور روشن مستقبل کا منشور ہے۔
آصف علی زرداری
دوسری طرف پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے نواب شاہ میں تاجر برادری اور کارکنوں نے ملاقات کی اور انتخابات میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ ہمیں احساس ہے مہنگائی اور بے روز گاری سے عوام پریشان ہیں، ہر ماہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے مہنگائی میں مزید اضافہ کر دیا جاتا ہے۔
پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو مسائل حل کرسکتی ہے، بلاول بھٹو
پیپلز پارٹی روزگار کے نئے وسائل پیدا کرے گی اور آئندہ حکومت میں کسانوں کی خوش حالی کے لیے مؤثر اقدام اٹھائے گی، ان کا کہنا تھا کہ نواز حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔
آصف زرداری نے تاجر برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں بھٹو کے جیالوں کو دن رات کام کرنا ہوگا، پی پی عام انتخابات عوام کی طاقت سے لڑے گی اور عام انتخابات جیت کر اقتدار میں آئے گی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔