واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے نامناسب سلوک سے متعلق پاکستان نے رابطہ کیا تھا، امریکہ میں قیدیوں سے عالمی قوانین کے مطابق سلوک ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اامریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے جیل میں نامناسب سلوک کے بارے میں رابطہ کیا تھا، امریکا میں مجرموں سے بین الاقوامی قوانین کے مطابق سلوک کیا جاتا ہے اور قیدیوں کے سلسلے میں انسانی حقوق کی ذمہ داریاں پوری کی جاتی ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا تھا کہ امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے شکایت کی ہے کہ جیل کے عملے کی طرف سے اُن کے ساتھ نامناسب سلوک کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ نے یہ بات 23 مئی کو ہیوسٹن میں پاکستان کی قونصل جنرل عائشہ فاروقی سے ملاقات کے دوران بتائی تھی۔
یاد رہے کہ 7 جون کو چیف جسٹس آف پاکستان نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے زندہ ہونے یا نہ ہونے سے متعلق جواب تین دن کے اندر سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی اور عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کے لیے اٹارنی جنرل اور امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے سے جواب طلب کرلیا تھا۔
مزید پڑھیں : قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے جیل میں ملاقات
خیال رہے کہ عافیہ صدیقی کی موت کی افواہوں کے بعد ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے فورٹ ورتھ ایف ایم سی کارزویل میڈیکل سینٹر کا سرکاری دورہ کیا اور ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی تھی۔
قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی14 ماہ میں ڈاکٹرعافیہ سے چوتھی ملاقات تھی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کودوہزاردس میں امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوجیوں پرحملہ کرنے کے الزام میں چھیاسی سال قید کی سزاسنائی تھی، وہ ٹیکساس کی جیل میں قید ہیں۔