اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے غور و خوض اور مشاورت کے بعد آخر کار چوہدری نثار علی خان کے مقابلے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ نے چوہدری نثار کے خلاف اپنے امیدوار نہ کھڑے کرنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے دو حلقوں سے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کا فیصلہ تھا کہ وہ چوہدری نثار کے حلقوں سے اپنے امیدوار نہیں کھڑے کرے گی، دو دن قبل ناراض رہنما کی طرف سے آنے والے نرم بیان سے ایسا لگ رہا تھا جیسے فریقین میں برف پگھلنے لگی ہے۔
گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی طرف سے چوہدری نثار کا مقابلہ نہ کرنے سے متعلق بیان جاری کیا گیا تھا تاہم حتمی فیصلہ نواز شریف کو کرنا تھا، امیدوار نہ لانے کے متبادل آپشن پر بھی غور کیا گیا۔
مسلم لیگ ن کا چوہدری نثار کے خلاف امیدوار کھڑا نہ کرنے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق مشاورت اور غور و خوض کے بعد نا اہل وزیر اعظم نواز شریف نے چوہدری نثار کے خلاف دو حلقوں میں اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
مسلم لیگ نے قومی اسمبلی کے حلقے 59 سے راجہ قمر الاسلام کو، جب کہ این اے 63 سے ممتاز خان کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔