پشاور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کامیاب ہوگی، پاکستان میں اسلامی حکومت کا نفاذ چاہتے ہیں، اللہ نے ہمیں موقع دیا تو پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور رنگ روڈ پر متحدہ مجلس عمل کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سراج الحق نے کہا کہ جو ہمارے مقابلے میں کھڑے ہیں ان کا کوئی منشور نہیں ہے، ہم نے باکردار لوگوں کو اکٹھا کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کے مطابق جن کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ہونی چاہئیں آج ان کو ٹکٹ دئیے جارہے ہیں، میں ان کا احتساب نہ کرسکا تو عوام ووٹ سے ان کا احتساب کریں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ مسلم ملکوں کو پاکستان سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، ہماری قیادت آئے گی تو کلین پاکستان بنائیں گے، اللہ نے موقع دیا تو ایک دن پاکستان میں اسلامی حکومت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ کا پانچ فیصد تعلیم پر خرچ کرکے پاکستان کو تعلیم یافتہ بنائیں گے، سودی نظام کا خاتمہ، اسپتالوں میں مفت علاج، بیروزگاری الاؤنس دیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ نگراں حکومت کو آئے ہفتہ ہوا ہے اور 12 کھرب کا قرضہ لے لیا ہے، آپ نے 25 جولائی کو گھر چلے جانا ہے ہمارے لیے قرضوں کا پہاڑ مت کھڑا کرو۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پوچھنا چاہتا ہوں میرے صوبے میں لوڈشیڈنگ کیوں ہے، لوڈشیڈنگ صرف میرے صوبے میں نہیں کراچی میں بھی ہے، آنے والا کل روشن ہے، اندھیر نگری کا نہیں ہے۔