کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے خلاف درخواست سندھ ہائیکورٹ میں ایم کیو ایم کے محفوظ یار خان کی جانب سے دائر کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے حلف نامے میں غلط بیانی کی ہے۔انہوں نے اپنے اثاثوں کی منی ٹریل نہیں دی۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو صادق و امین نہیں ہیں لہٰذا انہیں عام انتخابات میں حصہ لینے سے روکا جائے۔
درخواست میں الیکشن کمیشن و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے جج محمد علی مظہر نے دریافت کیا کہ ریٹرننگ افسر یا اپیلیٹ ٹریبونل سے کیوں رجوع نہیں کیا گیا؟ جس پر درخواست گزار نے کہا کہ مجھے بلاول کے اثاثوں کی اطلاع تاخیر سے ملی۔
عدالت نے بلاول بھٹو کے حلف نامے کی نقل 2 جولائی تک پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔