پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

انتخابی دنگل: مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کا مفاہمتی عمل ناکام

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان میں مفاہمتی عمل ناکام ہوگیا جس کے بعد متحدہ نے شہباز شریف کے مد مقابل امیدوار لانے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی کے حلقہ این اے 249 سے اسلم آفریدی کو ٹکٹ دینے کا اعلان کیا جس کے بعد وہ شہباز شریف کے مدمقابل الیکشن لڑیں گے۔ اسلم آفریدی سٹی کونسل میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ہیں۔

قبل ازیں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کراچی و شہری سندھ کی صوبائی و قومی اسمبلی پر انتخابات لڑنے والے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی گئی تھی جس میں حلقہ این اے 249 پر کسی بھی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

- Advertisement -

مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 سے انتخابات لڑنے کا اعلان کیا، متحدہ قومی موومنٹ ہر حلقے سے اپنے امیدوار کو سامنے لائی البتہ اس نشست پر تاحال کوئی فیصلہ نہ کیا جاسکا تھا۔

مزید پڑھیں: ایم کیوایم پاکستان کی انتخابی مہم کا آغاز، کراچی میں اتحاد یا سیٹ ایڈجسمنٹ نہ کرنے کا اعلان

ایم کیو ایم کی جانب سے جاری امیدواروں کی فہرست میں این اے 249 کو خالی چھوڑا گیا اور اس پر کسی بھی شخص کا نام درج نہیں تھا، بعد ازاں رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اسلم آفریدی کو بطور امیدوار سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ دو ماہ قبل مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کراچی کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے شہر کی تمام منتخب جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کی تھیں۔

شہباز شریف ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد بھی گئے تھے اور انہوں نے متحدہ کی تمام جائز شکایات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے انتخابی میدان میں حمایت کے ساتھ اترنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اہل کراچی کی تضحیک، ایم کیو ایم نے شہباز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کراچی کا دورہ کیا اور اپنی انتخابی مہم شروع کی، اس دوران انہوں نے کراچی سے متعلق ایک بیان دیا جس پر شہریوں نے احتجاج کیا جبکہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے شدید ردعمل بھی سامنے آیا تھا۔

متحدہ پاکستان کے سابق کنونیئر  ڈاکٹر فاروق ستار نے شہباز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’الیکشن کے وقت لوگوں کو کراچی یاد آجاتا ہے‘ جبکہ فیصل سبزواری نے بھی شعری انداز میں جواب دیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں