غزہ : مشرقی غزہ کے علاقے خان یونس میں احتجاجی مظاہروں پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید جبکہ 3 سو سے زائد شہری زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے شہر غزہ میں جمعے کے روز ہونے والے احتجاجی مظاہروں پر صیہونی فوجیوں کی بے دریغ فائرنگ اور شیلنگ سے 13 برس کے بچے سمیت سے دو فلسطینی شہری شہید اور 3 سو سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطین کے علاقے خان یونس کے مشرقی حصّے میں غاصب صیہونی ریاست کے فوجیوں کی گولیوں کی زد میں آکر ایک 13 سالہ نوجوان شہید ہوگیا، تاحال شہید بچے کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ اسرائیلی فوجیوں نے نوجوان کے سر میں گولی ماری تھی۔
فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے مظاہرے میں شریک 24 سالہ نوجوان محمد فوزی بھی سر اور جسم کے دیگر حصّوں میں گولیاں لگنے باعث موقع پر شہید ہوگیا۔
غٖیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی افواک کی وحیشانہ فائرنگ اور شیلینگ کی زد میں آکر 300 سے زائد فلسیطینی شہری زخمی ہوئے ہیں، فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے 4 افراد کی حالت نازک ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والوں میں 6 بچے، تین طبی امداد فراہم کرنے والے اہلکار بھی شامل ہیں۔
ترجمان وزارت صحت کا کہنا تھا کہ صیہونی افواج کی فورسز کی جانب سے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے والی گاڑیوں اور ایمبولینسوں پر بھی گولیاں برسائی گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین کی ’حقِ واپسی کونسل‘ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمعے کے روز کی جانے والی سرگرمیوں کو بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دو ماہ سے غزہ کی مشرقی سرحد پر جاری فلسطینی عوام کی احتجاجی تحریک کے دوران اسرائیلی افواج کی بے دریغ فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں ڈیڑھ سو فلسطینی شہید، جبکہ پندرہ ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں