چنیوٹ : صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ کی عوام نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو وارننگ دی ہے کہ ووٹ لینے آؤ گے تو منہ کی کھانی پڑے گی جبکہ شہریوں نے مختلف علاقوں میں تنبیہ کے بینرز آویزاں کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چنیوٹ میں بھی مسلم لیگ ن کو عوامی احتساب کا سامنا ہے، ن لیگ کے آزمائے ہوئے امیدواروں کے خلاف عوام نے بینرز لگا دیئے ہیں، اہلیان حلقہ کا کہنا ہے کہ پچھلے دس سال میں علاقے میں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، ہم مفاد پرستوں اور لٹیروں کو ووٹ نہیں دیں گے اور ایسے امیدواروں کا بائیکاٹ کریں گے۔
بینرز سابقہ ایم این اے قیصراحمد شیخ اور سابقہ ایم پی اے مولانا الیاس چنیوٹی کے خلاف آویزاں کئے گئے ہیں، جس پر تحریر کیا ہے ووٹ لینے آؤ گے تو منہ کی کھانی پڑے گی۔
یاد رہے چند روز قبل چینوٹ میں ن لیگ کے قصر شیخ جب 5 سال بعد ووٹ مانگنے پہنچے تو ناراض اہل علاقہ نے انہیں گھیر لیا تھا اور کارکردگی کا حساب مانگ لیا “وعدے پورے کیوں نہیں کیے ، پانچ سالوں کا حساب دو۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدوارآج سے تیئس جولائی تک انتخابی مہم چلاسکیں گے جبکہ امیدوار پولنگ سےاڑتالیس گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہوں گے۔
واضح رہےکہ ملک میں 25 جولائی کو عام انتخابات ہوں گے۔