اسلام آباد : پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پروفیشنل ریسلنگ مقابلوں میں شرکت کے لیے بین الاقوامی ریسلرز پاکستان پہنچ گئے، جن میں ایک امریکی خاتون ریسلر بھی شامل ہے، ریسلرز نے میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی شائقین کا لہو گرمانے کیلئے دنیائے ریسلنگ کے نامور ستارے ایک بار پھر اسلام آباد پہنچ گئے، ٹائنی آئرن، ریبل، بادشاہ خان اور امریکی خاتون ریسلر بریم اسلام آباد آنے والوں میں شامل ہیں۔
اسلام آباد میں غیر ملکی ریسلرز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رنگ آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو سید عاصم بخاری نے کہا کہ بہت خوشی ہو رہی ہے کہ غیر ملکی ریسلرز دوبارہ پاکستان آئے ہیں،8اگست سے یہ غیر ملکی ریسلرز پاکستانی شائقین کو ایکشن میں نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شائقین کی دلچسپی کو مزید بڑھانے کیلئے اقدامات کریں گے، ہم اب ماضی کی غلطیوں کو دوبارہ نہیں دہرایا جائے گا پاکستان کا دنیا میں سافٹ امیج کو دوبارہ اجاگر کریں گے، پاکستان میں اب جان سینا سمیت بڑے سے بڑا ہر ریسلر آئے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان کے ہیرو ہیں، ان سے بھی غیر ملکی ریسلرز کی جلد ملاقات کرائی جائے گی، مضبوط فوج کی وجہ سے ملک کے حالات بہت بہتر ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج غیر ملکی ریسلرز کی ڈی جی آئی ایس پی آر سے بھی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں میجر جنرل آصف غفور نے بھر پور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، مسلح افواج کے تعاون کرنے پر ان کے مشکور ہیں۔
اس موقع پر ریسلر ٹائنی آئرن کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ریسلنگ کے مقابلوں کو مقبولیت حاصل ہے، رنگ میں اتر کر کھیلنا بہت مشکل ہوتا ہے، پہلے بھی یہاں آیا تھا، ایک سال پاکستان کو بہت مس کیا،یہ میرا دوسرا گھر ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ میں اپنے گھر واپس آ گیا ہوں، شائقین کے گرم جوش استقبال نے میرے جذبہ کو مزید بڑھا دیا ہے۔
پاکستانی نژاد ریسلر بادشاہ خان نے کہا کہ ریسلنگ ایک آرٹ ہے، یہ امیروں یا غریبوں کا نہیں بلکہ یہ سب کا کھیل ہے، اس بار ایسا کھیل دکھائیں گے کہ پوری دنیا دیکھے گی۔
امریکی خاتون ریسلر ریبل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان آ کر بہت خوشی ہوئی ہے، حریفوں کو ابھی سے یہ پیغام دے رہی ہوں کہ مقابلے کیلئے پوری طرح تیار رہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔