تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ملکی مفادات کے تحفظ تک جوہری معاہدے کا احترام جاری رکھیں گے اور دیگر یورپی ممالک کے ساتھ تعاون بھی برقرار رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوئٹزر لینڈ کے دار الحکومت برن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایران کا تحفظ اور مفادات جوہری معاہدے سے وابستہ ہیں اس وقت تک ایران چھے بڑی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے کا احترام کرے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر سرکاری دورے پر سوئٹزر لینڈ میں موجود ہیں، جس کا مقصد یورپی رہنماؤں سے امریکا کی جانب سے ایران جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کرسکیں۔
ایرانی صدر اہم دورے پر سوئٹزر لینڈ پہنچ گئے، جوہری ڈیل پر بات چیت ہوگی
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ حسن روحانی کا دورہ خطے کے لیے انتہائی اہم ہے، اس دورے سے ایران اور یورپی ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد یورپ نے مکمل طور پر ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
امریکا نے سلامتی کونسل سے ایران پر پابندی کا مطالبہ کردیا
علاوہ ازیں امریکا کی جانب سے اس فیصلے کے بعد یورپی بلاک نے صدر ٹرمپ کو شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا اور واضح کیا کہ جوہری معاہدے میں شامل دیگر ممالک اس اہم ڈیل کی پاسداری کریں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔