لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے نوازشریف کے وکیل کی موجودگی میں فیصلہ سنایا جاسکتا ہے، نواز شریف انگریزوں کی گود سے نکلیں اور شیر بنے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے سپریم کورٹ کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی منی لانڈرنگ کیس میں عجیب فرمائش ہے نواز شریف کی فرمائش ہے، عدالت فیصلے کی تاریخ بدل دے، قانون کے مطابق ملزم کو اختیار نہیں عدالت سے فرمائش کرے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ، ماضی میں شہید بی بی کی غیرموجودگی میں ان کو سزا سنائی گئی، نوازشریف خوف نہ کھائیں، شیر بنے اور پاکستان واپس آکر عدالت کا سامنا کریں، ملزمان کی حاضری کی شرط ملزمان کو پوری کرنی ہے،
انھوں نے کہا کہ نوازشریف کے وکیل کی موجودگی میں فیصلہ سنایا جاسکتا ہے، غیر حاضری کی بنیاد پر نوازشریف کو3 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ پیسے باہر کیوں اور کیسے لے کر گئے نہیں بتا سکے، حرام کے اثاثے ثابت ہوئے تو جائیداد ضبط ہوسکتی ہے، شریف فیملی اپنے ذرائع آمدن نہ بتاسکی توانہیں چودہ سال قید سمیت پانچ سزائیں ہوسکتی ہیں۔
بابر اعوان نے کہا کہ قید کے بعد 10 سال کیلئے نااہلی ہوگی، کاروبارکیلئے حکومت اور بینک سےسہولت نہیں ملے گی اور ملزمان کو چوری کی رقم کا دُگنا جرمانہ بھرنا پڑ سکتا ہے۔