اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ عدالت سے جو بھی فیصلہ آئے اس سے انتخابات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، مریم نواز کا نام ہٹا کر نئے بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔
یہ بات الیکشن کمیشن کے ترجمان نے اپنے ایک جاری بیان میں کہی، تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدرکو سزا سنائے جانے کے فیصلے کے بعد ترجمان الیکشن کمیشن نے بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالت کی جانب سے جس کو بھی سزا ہو وہ نااہل ہوجاتا ہے، اور کسی کی نااہلی سےانتخابات پرکوئی فرق نہیں پڑےگا، ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سزا اور نااہلی کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ہٹا کر نئے بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو دس سال قید اورجرمانے کی سزا سنادی ہے جبکہ مریم نواز کو سات سال قید مع جرمانہ جبکہ کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔ فیصلے کے مطابق مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر دس سال تک سیاست کیلئے نااہل ہوچکے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔