لاہور، اسلام آباد/ لندن : نوازشریف اور ان کی صاحبزادی اور داماد کیخلاف احتساب عدالت کے فیصلہ کے بعد پاکستان کے علاوہ لندن میں بھی پی ٹی آئی اور ن لیگ کارکن جذباتی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) محمد صفدر کو احتساب عدالت سے سزا سنائے جانے کے بعد لندن، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔
لندن میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کارکن ایوان فیلڈ اپارٹمنٹ پر آمنے سامنے آگئے، اس موقع پر کھلاڑیوں نے ایوان فیلڈ اپارٹمنٹ کے سامنے مٹھائی تقسیم کی اور نعرے لگائے۔
یہ منظر دیکھ کر ن لیگ کے کارکن غصے میں آگئے، کارکنان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیڈر کو چورمت کہو، زبان کھینچ لیں گے، انہوں پی ٹی آئی کارکنوں کو دھکے دیئے، تھپڑمارے، گالیاں اور دھمکیاں دیں۔ ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنوں میں جھگڑے کے وقت نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں ہی موجود تھے۔
دوسری جانب لاہور اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنان میں تلخ کلامی اور جھگڑوں کے واقعات رونما ہوئے ہیں، لاہور پریس کلب کے سامنے مسلم لیگ نون کے کارکنان فیصلہ نامنظور کے نعرے لگائے۔
مسلم لیگ نون کی خواتین آبدیدہ نظر آئیں اور انہوں نے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا، اس کے علاوہ ماڈل ٹاؤن میں بھی سڑکوں پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا گیا، مری اور کئی دوسرے شہروں سے بھی احتجاجی مظاہروں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
علاوہ ازیں احتساب عدالت کا فیصلہ سن کر تحریک انصاف کے کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، کھلاڑیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ پارٹی کے مرکزی دفتر میں جشن کا سماں رہا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی دفتر میں بھی کارکنان نے جشن منایا۔امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے پنجاب میں سکیورٹی سخت کر دی گئی، اس کے علاوہ اہم اور حساس عمارتوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔