اسلام آباد : پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سزا کے بعد نواز شریف کا وطن واپس آنا ان کی مجبوری ہے، یہ انتخابات کو متنازع بننا چاہتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں ایون فیلڈ فیصلے پر رد عمل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، شیری رحمان نے کہا کہ مقدمے میں نواز شریف قانونی طور پر اپنا دفاع کرنے میں ناکام رہے، مریم اور نوازشریف کا وطن واپس آنا ان کی مجبوری بن گیا ہے، نواز شریف انتخابات کو متنازع بننا چاہتے ہیں.
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے نظام، پارٹی اور خود کو مشکل میں ڈال دیاہے، وہ اس معاملے کو سیاسی کیس بنانا چاہتے ہیں، وہ اپنے ساتھ اپنےبھائی شہباز شریف کو بھی مشکل میں ڈالیں گے کیونکہ ن لیگ نے اس معاملے کو اپنی ذات کی جنگ سمجھا۔
ایک سوال کے جواب میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ن لیگ تتر بتر ہو چکی ہے، نواز شریف نے ووٹ کی عزت کو بے توقیر کیا۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو دس سال قید اورجرمانے کی سزا سنادی ہے جبکہ مریم نواز کو سات سال قید مع جرمانہ جبکہ کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔ فیصلے کے مطابق مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر دس سال تک سیاست کیلئے نااہل ہوچکے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔