لاہور: نیب نے آشیانہ اقبال اسیکنڈل میں گرفتار سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے گھر پر چھاپہ مارا کر دو لیپ ٹاپ اور اہم کاغذات قبضے میں لے لئے جبکہ گاڑی سے 5 موبائل فونز اور بیگ سے 30 سے زائد یو ایس بیز برآمد کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے آشیانہ اقبال سکینڈل میں گرفتار سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشی کے دوران اہم کاغذات قبضے میں لے لئے۔
ذرائع کا دعوٰی ہے کہ بہت سے کاغذات ملکی سالمیت کے متعلق ہیں۔
ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد کے گھر سے دو لیپ ٹاپ بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں جبکہ ان کی گاڑی سے 5 موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں، جن میں ایک بلیک بیری بھی شامل ہیں، جس کا پاس ورڈ نیب حکام نے فواد حسن فواد سے حاصل کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد کے بیگ سے 30 سے زائد یو ایس بی بھی برآمد ہوئی ہیں۔ نیب کی تفتیشی ٹیم نے فواد حسن فواد کے لیپ ٹاپ اور موبائلز فونز کا فرانزک آڈٹ شروع کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں : نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
یاد رہے کہ دو روز قبل نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو طلب کیا گیا تھا، تفتیشی ٹیم نے فواد حسن فواد پر لگنے والے کرپشن الزامات کے حوالے سے تفتیش کی، فواد حسن فواد برہم ہوئے اور سوالوں کا جواب نہ دے سکے، جس پر نیب نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔
جس کے بعد فواد حسن فواد کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا گیا تھا۔
فواد حسن فواد پر کرپشن الزامات کی چارج شیٹ بھی جاری کی تھی، جس میں ان پر بطور سیکریٹری صحت موبائل اسپتال خریداری میں بڑے پیمانے پربے ضابطگیوں ، وزیراعلی کے سیکٹریری کے طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ من پسند افراد کو دینے کا الزام ہے، جس سے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔