لندن: برطانیہ میں سب سے بڑے اور مشہور ترین شمار کیے جانے والے ریٹیل اسٹور نے جرائم میں کمی کے لیے چھریوں کی فروخت روک دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاؤنڈ لینڈ اسٹورز نے ملک بھر میں پھیلی 59 شاخوں میں مذکورہ نوعیت کی چھریوں کی فروخت بند کردی ہے، اس اقدام کا مقصد معاشرے اور حکام کے لیے تشویش کا باعث بننے والے ان جرائم کو کم کرنے کی کوشش کرنا ہے جن میں ان چھریوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
برطانیہ میں چھریوں کے وار کی وارداتوں میں اضافہ کے بعد کسی اسٹور کی جانب سے کیا جانے والا یہ پہلا قدم ہے۔
برطانیہ میں شماریات کے سرکاری ادارے کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ برس چھریوں کے استعمال کے ذریعے مرتکب جرائم کی شرح میں 22 فیصد اضافہ جو سابقہ برسوں کے لحاظ سے شرح میں بلند ترین اضافہ ہوا ہے۔
پاؤنڈ لینڈ اسٹورز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس نے ہفتہ سات جولائی 2018 سے اپنے اسٹورز پر چھریوں کی دستیابی کو ختم کرنے کا آغاز کردیا ہے اور لندن شہر میں اسٹورز کی تمام شاخیں رواں برس کے اختتام سے قبل چھریوں سے خالی ہوں گی۔
اسٹور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چھریوں کی فروخت روکنے کا فیصلہ تفصیلی جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔