اشتہار

احتساب عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل بھیج دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔ انہیں ایون فیلڈ ریفرنس میں ایک سال قید کی سز اسنائی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو احتساب عدالت میں پہنچایا جہاں انہیں جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔

پیشی کے بعد احتساب عدالت نے انہیں اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم جاری کردیا جس کے بعد کیپٹن صفدر کو بکتر بند گاڑی میں اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

- Advertisement -

اس موقع پر اڈیالہ جیل کے اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی۔ جیل کی 4 کلو میٹر حدود میں موبائل فون جیمرز نصب کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کو جیل میں عام قیدیوں کی طرح رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ کیپٹن صفدر کو گزشتہ روز راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا تھا۔

نیب نے ان کی گرفتاری کے لیے ایبٹ آباد میں واقع ان کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم وہ نیب کی ٹیم کو چکمہ دے کر راولپنڈی پہنچے اور ن لیگ کی ریلی کی قیادت کرنے لگے۔

کیپٹن (ر) صفدر 3 گھنٹے تک راولپنڈی کی سڑٖکوں پر جلوس نکالتے رہے اور تقاریر کرتے رہے، اس دوران پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن ن لیگ کے کارکنوں نے مزاحمت کر کے پولیس کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔

شام پانچ بجے نیب کی ٹیم نے حتمی کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔

خیال رہے کہ 6 جولائی کو احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 سال اور کیپٹن صفدر کو 1 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

نواز شریف پر 80 لاکھ پاؤنڈز جبکہ مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈز کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔

عدالتی فیصلے میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے بھی نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں