انقرہ : ترک صدر نے ترکی کی نئی کابینہ کا اعلان کردیا، رجب طیب اردگان نے وزیرخزانہ اپنے داماد کوبنایا جبکہ دفاع کا قلمدان سابق آرمی چیف کے حوالے کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کے دوسری بار منتخب ہونے والے صدر رجب طیب اردگان نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اپنی کابینہ کا اعلان کیا جس میں انہوں نے فواد اوکدے کو نائب صدر کا عہدہ دیا ہے۔
ترک صدر نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل حلوسی اکار کووزیردفاع نامزد کیا ہے، مولود جائوزاوغلو وزیرخارجہ ہوں گے۔
رجب طیب اردگان نے نئی کابینہ میں اپنے داماد براد البراک کو وزیرخزانہ نامزد کیا ہے جو اس سے پہلے وزیرتوانائی رہ چکے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے عہدے کا حلف اُٹھا لیا
خیال رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین سمیت 22 ملکوں کے سربراہان اوراٹھائیس وزرائےاعظم سمیت مختلف ملکوں کے اعلیٰ وفود نے ترک صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 24 جون کو رجب طیب اردگان نے صدارتی انتخابات میں 53 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ ان کے حریف محرم انسے 31 فیصد ووٹ ہی حاصل کرسکے تھے۔
واضح رہے کہ ترکی میں یہ انتخابات نومبر 2019 میں ہونے تھے لیکن ترک صدر نے انہیں قبل ازوقت کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس انتخاب میں کامیابی کے بعد رجب طیب اردگان دوسری مرتبہ پانچ سال کے لیے صدر منتخب ہوئے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔