راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کے لیے کوشش کروں گا، تحریک انصاف ذہنی طور پر تیار رہے کہ انہیں عوام کی خاطر حکومت بنانی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھاکہ ’بھرپورکوشش کروں گا کہ عمران خان کی حکومت بنے اور اگر ایسا نہ ہوا تو عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی‘۔
انہوں نے پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے لوگ ہمارے ساتھ شامل ہوں ہم انہیں عزت دیں گے، لیگی رہنما چوہدری تنویز نے ایک ہی گھر سے چار لوگوں کو پارٹی ٹکٹ دیا۔
مزید پڑھیں: مائیں بہنیں چیف جسٹس کے لیے دعا کریں، شیخ رشید
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ یہ بڑا اور مشکل الیکشن ہے، تحریک انصاف ذہنی طور پر تیار رہے کہ ہم نے عوام کی خاطر حکومت بنانی ہے اور کامیاب ہوکر دونوں حلقوں کے 15 ہزار نوجوانوں کو ملازمتیں بھی فراہم کرنی ہیں۔
خیال رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ متعدد بار دعویٰ کرچکے ہیں کہ عام انتخابات کے بعد وہ عمران خان کے ساتھ مل کر وفاق میں حکومت بنائیں گے۔