نئی دہلی: بھارت میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی، لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں نو افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے شمال مشرقی حصے میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے باعث کم از کم نو افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران بھارت کی چھ ریاستوں میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے نظام زندگی درہم برہم کردی اور اب تک 55 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
شدید بارشوں نے جن ریاستوں میں تباہی مچائی ہے ان میں مہاراشٹرا، آسام، اترا کھنڈ، مغربی بنگال، گجرات اور منی پور شامل ہیں جبکہ حکومتی سطح پر حالات پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
بھارتی ریاست آسام میں شدید بارشیں، سیلاب سے 30 افراد ہلاک
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گذشتہ ماہ یکم جون سے نو جون تک شدید بارشوں کے باعث صرف مہاراشٹرا ریاست میں 62 افراد کی اموات ہوئی تھیں۔
خیال رہے کہ ریاست منی پور کے ایک ضلع میں ایسے ہی ایک واقعے میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات ایک گاؤں کے متعدد مکانات مٹی کے پھسلتے ہوئے تودوں کی زد میں آ گئے تھے جس کے باعث ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔
یاد رہے کہ 5 جولائی کو بھارت کی شمال مشرق وسطی ریاست آسام میں تیز بارش سے سیلاب آگیا تھا، سیلاب سے 56 گاؤں کے 40 ہزار خاندان متاثر جبکہ 30 سے زائد افراد لقمہ اجل بنے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔