لاہور : نگراں وزیرداخلہ پنجاب شوکت جاوید نے خبردار کیا ہے کہ ن لیگی کارکن لاہورائیرپورٹ کی حدود میں آنےکی کوشش نہ کریں،عبداللہ گل انٹر چینج ریڈلائن ہے، کارکنان ریڈلائن عبورنہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیرداخلہ پنجاب شوکت جاوید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ریلی کی اجازت نہیں لی اور انھیں ریلی کی اجازت بھی نہیں دی گئی ہے، نگراں حکومت غیرجانبدار ہے، کسی پارٹی سے تعلق نہیں۔
شوکت جاوید کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اورپولیس ن لیگ قیادت کے ساتھ رابطےمیں ہے، ریلی کےشرکاقانون ہاتھ میں لینےکی ہرگزکوشش نہ کریں، ہم نے وہی انتظامات کیے ہیں، جو ماضی میں کیے جاتے تھے، ایئرپورٹ کا انتظام سول ایوی ایشن کے پاس ہے۔
نگراں وزیر داخلہ پنجاب نے کہا کہ نوازشریف اورمریم نوازکی گرفتاری نیب کی ذمہ داری ہے، کنٹینرز اس وقت حرکت میں آئیں گے، جب املاک کو نقصان پہنچایا جائے گا، ریڈلائن کراس کرنے کی صورت میں سختی سے نمٹا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون اور ضابطے کیلئے ہم موجود ہیں، ریلیاں نکالنے کی اجازت نہیں، جلسہ تو دور کی بات ہے، موبائل فون سروس سیکیورٹی کے پیش نظربند کی گئی ہے، قیام امن کے لیے قانون پر مکمل عملدرآمد کیا جارہا ہے۔
شوکت جاوید نے کہا کہ کوئی راستہ بند نہیں کیا گیا، ایئرپورٹ پرباڑ لگی ہے، اس کو ویسے بھی کراس نہیں کیا جاسکتا، غیرمعمولی صورتحال سے ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھاتے ہیں، لاہورایئرپورٹ وفاقی اداروں کے کنٹرول میں ہے۔
نگراں وزیر داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ پشاوراوربنوں میں افسوسناک واقعات ہوئے، ملکی حالات کے پیش نظر ہم نے بھی سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں، ن لیگ کی ریلی غیرقانونی ہوگی کسی کوقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔