لاہور: ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز نے مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہداللہ خان کی لاہور ایئرپورٹ میں گھسنے کی کوشش ناکام بنادی جبکہ لیگی رہنماؤں نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے استقبال کے لیے سینئر لیگی رہنما لاہور ایئرپورٹ پہنچے تاہم اے ایس ایف نے ان کی ایئرپورٹ کے اندر گھسنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایئرپورٹ کے باہر لیگی کارکنان نے غنڈہ گردی کی انتہا کردی، موقع پر موجود پولیس اہلکاروں پر پھتراؤ بھی کیا، جبکہ لاہور کے مختلف علاقوں میں جلاؤ گھراؤ اور املاک کو نقصان بھی پہنچایا۔
مجرم نوازشریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل کی بیرکوں میں منتقل کردیا گیا
علاوہ ازیں لاہور ایئر پورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں سے دھکم پیل کا معاملہ بھی ہوا، اے ایس ایف اہلکاروں کو ن لیگی رہنما سعید اللہ آفریدی نے دھکے دیے، سعیداللہ آفریدی پی ایس 114 سے ن لیگ کا امیدوار ہے۔
یاد رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے حراست میں لے کر اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گرفتاری کے وقت لاہور ایئرپورٹ کے رن وے پر لیگی کارکنوں کی رینجرز اہل کاروں سے ہاتھا پائی بھی ہوئی، رینجرز نے ہاتھا پائی کرنے والے ن لیگی کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔