کراچی: نگراں حکومت سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر میں اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش پرپابندی عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق نگران حکومت سندھ نے صوبے بھر میں اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس پابندی کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا اور یہ پابندی 25 جولائی تک عائد رہے گی۔
حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشنز کے اطراف بھی اسحلہ کی نمائش پرپابندی ہوگی جبکہ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔
نگراں حکومت کی جانب سے یہ پابندی انتخابی مہم اور الیکشن والے دن امن وعامہ کو برقرار رکھنے کے لیے عائد کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے 25 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا
خیال رہے کہ پاکستان میں رواں ماہ 25 جولائی کوعام انتخابات کا انعقاد ہوگا اور اس حوالے سے وفاقی حکومت پہلے ہی 25 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرچکی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے انتخابات میں امن وعامہ کو برقرار رکھنے کے لیے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے جلسے جلوسوں اور انتخابی مہم کے دوران اسلحہ کی نمائش پرپابندی عائد کی تھی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں’ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔