لاہور : پی ٹی آئی رہنما اور این اے120سے امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ میاں صاحب ایم اے کر لیتے تو آج جیل میں اے کلاس مل جاتی، نواز شریف نے بے ایمانی میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔
یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے120لاہور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ نوازشریف مضبوط ترین وزیراعظم ہونے کے باوجود نااہل ہوئے۔
ہم نے تو صرف چار حلقے کھولنے کا کہا تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے پاناما بھیج کر ان کی رسی کھینچ لی، نواز شریف نےبےایمانی میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے اگر میاں صاحب ایم اے کر لیتے تو آج اڈیالہ جیل میں انہیں اے کلاس مل جاتی۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کی چیخیں آسمان تک گئیں، آپ نے ان بے گناہوں کو قتل کیا ، انہیں زخمی کیا، آپ نے قوم کا دل دکھایا، اسی لیے آج اللہ نے پکڑ لیا۔
اب جیل میں بیٹھ کرچکی پیسیں اور قوم سے اپنے کیے کی معافی مانگیں، نوازشریف اب جیل میں بیٹھ کر مجھے معاف کردو کا ورد کریں۔
نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے سازش کے ذریعے نواز شریف کو پاکستان آنے کا کہا، بڑے بھیا تو ائیر پورٹ پہنچ گئے، چھوٹے بھائی وہیں گھومتے رہے، کنٹینرز جنون سے ہلتےہیں فصلی بٹیروں سے نہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔