جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا، ذرائع

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اورفریال تالپورکےنام ای سی ایل سے نکال دیئے گئے، منی لانڈرنگ کیس میں دونوں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اورفریال تالپورکےنام ای سی ایل سےنکال دیا گیا ، نام نکالنے کی منظوری وزارت داخلہ کی جانب سے دی گئی۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے مبینہ جعلی اکاونٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے وزارت داخلہ کو سفارش کی گئی تھی۔ سفارش میں بتایا گیا تھا کہ سپریم کورٹ نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا ہے۔

ایف آئی اے نے بھی منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا تھا تاہم دونوں کی جانب سے وکلا پیش ہوئے تھے۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے ایف آئی ا ے سے پیش ہونے کیلئے الیکشن کے ایک ہفتے بعد کا وقت مانگ لیا تھا اور جواب میں کہا تھا کہ آصف علی زرداری انتخابی سرگرمیوں کی وجہ سے مصروف ہیں، 25جولائی کے بعد تمام سوالوں کے جواب دیں گے۔


مزید پڑھیں : ایف آئی اے آصف زرداری سمیت کسی سیاستدان کو 30 جولائی تک نہ بلائے، چیف جسٹس


گزشتہ دنوں سپریم کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی تھی، سماعت میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور فریال تالپور پیش نہیں ہوئے تاہم ان کی قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی تھی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ہدایت کی تھی کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) آصف زرداری سمیت کسی سیاستدان کو 30 جولائی تک نہ بلائے۔

دوران سماعت چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام اگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا ہم نے نہیں کہا پھر ان کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا۔ آصف زرداری اور فریال تالپور ملزم نہیں۔ عدالت نے صرف ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا کہا تھا۔

عدالت نے ایف آئی اے کو الیکشن تک آصف زرداری اور فریال تالپور کو شامل تفتیش کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ کیس سے متعلق نیا وضاحتی حکم جاری کریں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کو مطلوب افراد سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی تھی، آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام بھی جعلی اکاونٹس ہولڈرز میں شامل ہے۔

سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پر ڈیڑھ کروڑ کی غیر قانونی منتقلی کا الزام ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں