جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

تیری بُکل دے وچ چور

اشتہار

حیرت انگیز

تلاطم ہائے بحر زندگی سے خوف کیا معنی
جو دیوانے ہیں وہ موجوں کو بھی ساحل سمجھتے ہیں

کئی ممالک میں حکومتوں کے تختے اُلٹنے،معاشرے کی تشکیل، رویوں میں تبدیلی اور نئے انقلاب پیدا کرنے کے پس پردہ صحافت کا اہم کردار رہا ہے ۔ یہی وجہ ہے میں صحافت کی معاونیت کو غیرفعال کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے آزمائے جاتے رہے ۔ مگر صحافت نے اپنی قوت اور افادیت کو ہر خطے،ہرسطح اور ہردور میں ہمیشہ منوایا ہے۔پاکستان کی صحافتی تاریخ میں بھی ایسے نڈر،بے باک،صحافیوں کے روشن باب موجود ہیں جنہوں نے اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتا نہیں کیااور کسی طاقت اور دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے صحافت کو ہمیشہ اپنی ریاضت سے عبادت کا درجہ دیا ۔سعید آسی کا شمار بھی انہیں صف اول کے صحافیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے صحافتی اقدار اور اسکے وقار پر کبھی انچ نہیں آنے دی، دور جمہوریت ہو یا دور آمریت سعید آسی کبھی ڈگمگائے نہیں بلکہ ہمیشہ اپنے نظریات پر ڈٹے رہے، وطن عزیزکے لیے دردِ دل رکھنے والے ایسے صحافیوں کے لیے اقبال ؒنے کہا ہے ۔

ہو حلقہ یاراں تو بریشم کی طرح نرم
رزم حق و باطل ہو تو فولاد ہے مومن

- Advertisement -

سعید آسی کے منتخب کالموں کا مجموعہ ”تیری بُکل دے وچ چور“ نے منظر عام پر آتے ہی صحافتی اور ادبی حلقوں میں ایک ارتعاش پیدا کردیا ہے،اس کتاب کے حوالے سے سعید آسی ”حرف اول“میں لکھتے ہیں کہ ”خدا لگتی کہئے، آج سیاسی،معاشرتی ،عدالتی اور عسکری محاذوں پر ملک کا جو نقشہ بنا ہوا ہے ، کیا اسے ہم آئین کی پاسداری و عملداری والے معاشرے سے تعبیر کر سکتے ہیں ۔

کیا اسی زہر کو تریاق سمجھ کر پی لیں
ناصحوں کو تو سجھائی نہیں دیتا کچھ بھی

میرا یہ المیہ ہے کہ میں زہر ہلاہل کو کبھی قند نہیں کہہ پایا چنانچہ میر اآئین اور اس کے تحت قائم سسٹم پر یقین ہے تو آئین اور اس کے تحت قائم سسٹم کے ساتھ کھڑا ہونا میری مجبوری ہے چنانچہ میرا یہی تجسس آپ و میرے کالموں میں جابجا بکھرا ہوا نظر آئے گا جو 2014سے 2017تک شائع ہونے والے میرے کالموں میں سے منتخب کئے گئے ہیں“۔

اس کتاب کی تقریب رونمائی کے حوالے سے قائد اعظم لائبریری اور قلم فاؤنڈیشن کے اشتراک سے قائداعظم لائبریری جناح باغ لاہور میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ آغاز تلاوت ِقرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت چوہدری اصغر نے حاصل کی جبکہ صوبیہ خان اور صبیح الحق بخاری نے نعت رسول مقبولﷺ پیش کی۔ عالیہ بشیرنے سٹیج سیکریٹری کے فرائض خوش اسلوبی سے سرانجام دیئے
قلم سے کام تیغ کا اگر کبھی لیا نہ ہو

تو مجھ سے سیکھ لے یہ فن اور اس میں بے مثال بن

تعارفی کلمات پیش کرتے ہوئے صاحب کتاب سعید آسی نے کہا کہ حبسِ موسم میں وقت ِ خاص نکال کرآنا احباب کی شرکت محبت کا ثبوت ہے ،جو میرے باعثِ اعزاز ہے، موجودہ سیاسی منظرعامے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آئین کو مقدم رکھنا ہے اور شائستگی و تہذیب کیساتھ آگے چلنا ہے ۔ اگر سسٹم پر اعتراضات ہیں تو اس میں تبدیلی لائی جائے مگر خداراگڑبڑ نہ کیجئے ۔

فاروق چوہان نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعیدآسی نے اپنے کالموں میں بے باک انداز میں کئی تحریکوں کے حوالے دیئے ہیں ۔ہمیشہ اپنے قلم سے سسٹم میں اصلاح کی کوشش کرتے رہے اور وطن عزیز سے اپنے درد اور احساس کو عوام تک پہنچایا ہے جو ان کے قلمی جہاد کا حصہ ہے،موجودہ بحرانوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنی بات کو منظر بھوپالی کے ان اشعار پر سمیٹ دیا۔

اونچے اونچے ناموں کی تختیاں جلا دینا
ظلم کرنے والوں کی وردیاں جلا دینا
ان سے پوچھیے جن کی کائنات جلتی ہے
دیکھنے میں آساں ہے بستیاں جلا دینا

عنازہ احسان نے اپنے اظہارخیال میں کہا کہ سعید آسی کی کتاب ”تیری بُکل دے وچ چور“اُردو ادب میں شاندار اضافہ ہے ۔ یہ یقینا ایک تاریخی دستاویز ہے جو نوجوانوں کوگمشدہ باب ڈھونڈنے میں مددگار ثابت ہوگی۔عطاالحق قاسمی نے کہا سعید آسی کو اے کلاس کا کالم نگار قرار دیا۔

رؤف طاہر نے کہا کہ سعید آسی حقیقت پسند ،سچے اور کھرے صحافی ہیں ۔یہ سراپا ایثار شخصیت ہیں۔استقلال پارٹی کے چیئرمین سید منظور احمد گیلانی نے کہا کہ سعید آسی کی سچائی ،جذبہ اور دردِ دل کا میں پہلے سے ہی قائل ہوں پروفیسر عطاالرحمن نے کہا کہ سعید آسی اچھے صحافی اور کالم نگار کے علاوہ دل آویزشخصیت بھی ہیں ۔مجیب الرحمن شامی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعید آسی سو فیصد دیانتدار صحافی ہیں ان جیسے اخبار نویس بہت کم ملتے ہیں ۔انہوں نے متانت اور وقار کیساتھ زندگی گزاری ہے ،انہوں نے مجید نظامی کی مستند پر بیٹھنے کا حق ادا کردیا ہے ۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب منظور احمد وٹونے سعید آسی کی صحافتی خدمات کو سراہا ۔سابق وزیراعلیٰ نے نوازشریف کی سیاسی حکمت عملی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر نوازشریف مجید نظامی کی بات پر یقین کر لیتے تو پانامہ سے بچ جاتے،حکمرانوں کو چاہیے تھا کہ کاروبار کو چھوڑ کر حکومت پر توجہ دیتے۔اُنہوں نے شکوہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ میرے بنائے گئے تعلیمی ایکٹ پر تسلسل برقرار رہتا تو آج پنجاب میں شرح خواندگی سوفیصد ہوتی۔

سابق وزیرخارجہ میاں خورشید محمود قصوری نے سعید آسی کی کتاب”تیری بُکل دے وچ چور“میں شامل کالم”خودکش بمبار مودی اور خورشید قصوری کا دھماکہ“ جو اُن کی لکھی گئی کتاب کے حوالے سے تھا، پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کو یقین رکھنا چاہیے کہ پاکستان اور انڈیا میں جنگ نہیں ہوسکتی، کیونکہ دونوں ممالک میں بات روایتی ہتھیاروں سے بہت آگے نکل چکی ہے۔ پاکستان اور بھارت میں امن دونوں ممالک کے حق میں ہے پاکستان انڈیا اور بنگلہ دیش میں ساٹھ کروڑ سے زائد عوام غربت کی سطح سے بھی نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ چائنہ میں ساٹھ کروڑ عوام سطح غربت سے اُٹھا لئے گئے ہیں ۔ اور چائنہ کا مفاد اسی میں ہے کہ پاکستان اور بھارت میں امن برقرار رہے ۔

اختتامیہ کلمات پیش کرتے ہوئے ڈائریکٹر قائداعظم لائبریری ظہیر احمد بدرنے تمام احباب کی شرکت پر اظہارِتشکر کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں کتاب بینی کے رحجان میں اضافہ خوش آئندہ ہے ، 2013میں 18000قائداعظم لائبریری کے ممبرز تھے جبکہ 2018میں بڑھ کر 55000ہوچکے ہیں۔تقریب میں ، محمد اکرم، محسن سیال، اشرف جاوید، الطاف احمد، مرزا یسین بیگ، شاہد رشید،عبدالستار عاصم، طارق آمین،شہباز سعید آسی،سلمان طارق بٹ سمیت مختلف شعبہ ہائے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سے شرکت کی ۔ تقریب کے اختتام پر سعید آسی کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں لائبریری کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی ۔


حسیب اعجاز عاشر

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں